مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روسی صدر کے خصوصی نمائندے برائے سرمایہ کاری و بیرونی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون اور روسی براہِ راست سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ کریل دیمترییف نے نیوز پروگرام ’’ویستی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کو نقل مکانی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں شدید بحرانوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے یورپ میں دکانوں کے شوکیس توڑے جانے اور احتجاجی مظاہروں اور انقلابات کے آغاز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یورپی حکام بالآخر یہ سمجھ جائیں گے کہ انہیں اس سلسلے کو روکنا ہوگا اور روس کے ساتھ نہ صرف مذاکرات کے میدان میں بلکہ اقتصادی شعبے میں بھی تعاون بحال کرنا ہوگا۔ اس میں روسی توانائی کے وسائل کی خریداری اور اپنی معیشت کی بحالی بھی شامل ہے۔
دیمترییف نے خبردار کیا کہ بصورتِ دیگر یورپ مکمل انہدام اور افراتفری کی جانب بڑھ جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ بھی یورپ کے نقل مکانی، اقتصادی اور سماجی بحرانوں کا مشاہدہ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپ کے پاس عالمی سطح پر اپنا وجود برقرار رکھنے کا عملاً آخری موقع موجود ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس موقع سے کس حد تک فائدہ اٹھاتا ہے۔
آپ کا تبصرہ